پاکستان کے سب سے بڑے مائیکروفنانس بینک کے طور پر موبی لنک بینک کی پوزیشن مزید مستحکم
اپنے صارفین، ریگولیٹرز، شیئر ہولڈرز اور اپنی ٹیموں کے اعتماد کے مشکور ہیں، حارث محمود چوہدری
اسلام آباد، : پاکستان کے صف اول کے ڈیجیٹل مائیکروفنانس بینک، موبی لنک بینک نے 31 دسمبر 2025 کو ختم ہونے والے مالی سال کے نتائج کا اعلان کیا ہے۔ بینک نے اہم مالیاتی اور آپریشنل اشاریوں میں نمایاں ترقی حاصل کی اور مائیکروفنانس بینکنگ کے شعبے میں اپنی قائدانہ حیثیت مزید مستحکم کی۔
سال 2025 موبی لنک بینک کے لیے مستحکم مالیاتی سال ثابت ہوا۔ بینک کا منافع قبل از ٹیکس 3.62 ارب روپے تک پہنچ گیا جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 217 فیصد اضافہ ظاہر کرتا ہے، جبکہ مجموعی آمدن 33 فیصد بڑھ کر 89.5 ارب روپے ہو گئی۔ بینک کے ڈپازٹس 38 فیصد اضافے سے 214 ارب روپے تک پہنچ گئے، جو مائیکروفنانس کے شعبے میں سب سے زیادہ ہیں اور اس سے صارفین کے بھرپور اعتماد کا اظہار ہوتا ہے۔ گراس لون پورٹ فولیو 38 فیصد اضافے سے 103 ارب روپے تک پہنچ گیا۔ سال کے اختتام پر بینک نے 19.53 فیصد کی مضبوط کیپیٹل ایڈیکویسی ریشو (CAR) برقرار رکھی، جو اس کی مستحکم مالی بنیاد اور محتاط رسک مینجمنٹ کی عکاسی کرتی ہے۔
بینک نے ماحولیاتی اعتبار سے پائیداری کے عزم کے تحت گرین فنانسنگ میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 55.5 فیصد نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا۔ اس اقدام کے ذریعے انفرادی، گھریلو اور چھوٹے کاروباروں کو ماحول دوست مصنوعات اور وسائل اختیار کرنے میں عملی مدد فراہم کی گئی۔ بینک نے مالی شمولیت کے فروغ کا سلسلہ بھی جاری رکھا، جبکہ لون پورٹ فولیو میں خواتین کا تناسب 24.6 فیصد رہا۔ یہ پیش رفت خصوصی لون اسکیموں اور بہتر ڈیجیٹل سہولتوں کی فراہمی کے باعث ممکن ہوئی، جس سے خواتین کی مالی رسائی مزید مضبوط ہوئی۔
سال 2025 کی ایک اہم پیش رفت اسلامی بینکاری کا آغاز تھا، جو بینک کی ترقی کے سفر میں ایک اہم سنگ میل ہے۔ اسلامی اصولوں کے مطابق مالیاتی مصنوعات متعارف کرا کے موبی لنک بینک نے مختلف سماجی طبقات کی ضروریات کو پورا کرنے کی سمت ایک بڑا قدم اٹھایا اور خود کو ایک ذمہ دار اور مستقبل کے مائیکروفنانس ادارے کے طور پر اپنی ساکھ کو مزید مضبوط کیا۔
بینک کی کارکردگی اس کے لون کے ذمہ دارانہ نظام کی عکاسی کرتی ہے، جہاں ہر لون کا فیصلہ محتاط مالی جائزے، شفاف قیمتوں، منصفانہ ریکوری طریقہ کار اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے ضوابط کی مکمل پاسداری کے تحت کیا جاتا ہے۔ صارفین کو ضرورت سے زیادہ لون کے بوجھ سے بچانے اور پائیدار مالی شمولیت کو یقینی بنانے کے لیے داخلی نظام کو بھی مزید مضبوط بنایا گیا ہے۔بینک کی ترقی میں شیئر ہولڈرز کے اعتماد نے بھی اہم کردار ادا کیاجس سے بینک کے سرمائے کی بنیاد مزید مضبوط ہوئی اور اس کی طویل المدتی حکمت عملی اور بڑی ڈیجیٹل تبدیلی کی حکمت عملی کو تقویت ملی۔
موبی لنک بینک کے صدر اور سی ای او، حارث محمود چوہدری نے کہا، ''ان اعداد و شمار کے پیچھے ایک بڑا مقصد کارفرما ہے، اور وہ یہ ہے کہ اُن لوگوں تک مالی سہولیات کی رسائی بڑھائی جائے جو اب تک ان سے پوری طرح مستفید نہیں ہو سکے۔ ہم ملک کے سب سے بڑے مائیکروفنانس بینک کے طور پر اپنے صارفین، ریگولیٹرز، شیئر ہولڈرز اور اپنی ٹیموں کے شکر گزار ہیں جن کے اعتماد اور محنت نے ہماری پیش رفت کو ممکن بنایا۔ ہماری ترقی دراصل اُن لاکھوں افراد کے اعتماد کی عکاسی کرتی ہے جو اپنے روزگار اور کاروبار کے لیے ہم پر انحصار کرتے ہیں۔ ہم بدستور اس عزم پر قائم ہیں کہ ذمہ دارانہ اور شرعی اصولوں کے مطابق ڈیجیٹل بینکاری کے ذریعے چھوٹے کاروباروں اور نئے کاروباری افراد کو بااختیار بنائیں اور پاکستان بھر میں پائیدار مواقع اور مالی شمولیت کو فروغ دیں۔''
موبی لنک بینک کے چیف فنانشل آفیسر، عادل علی عباسی نے کہا، ''سال 2025 کی کارکردگی اس بات کو ظاہر کرتی ہے کہ ہم نے مالی نظم و ضبط، اثاثوں کے بہتر معیار اور بیلنس شیٹ کے موثر انتظام پر بھرپور توجہ دی۔ منافع، ڈپازٹس اور پورٹ فولیو کے حجم میں اضافہ ہمارے بنیادی کاروبار کے استحکام کو اجاگر کرتا ہے اور ہماری اس صلاحیت کو سامنے لاتا ہے کہ ہم محتاط رسک مینجمنٹ اور سرمائے کی مستحکم پوزیشن کی بدولت ترقی کی رفتار برقرار رکھ سکتے ہیں۔ ہم اپنی مالی بنیادوں کو مزید مستحکم کریں گے، آپریشنل کارکردگی کو بہتر بنائیں گے اور ڈیجیٹل تبدیلی اور جدت میں مسلسل سرمایہ کاری کے ذریعے بینک کی طویل المدت ترقی کو یقینی بنائیں گے۔''
سال 2026 میں موبی لنک بینک اپنے اس ہدف پر قائم ہے کہ وہ ڈیجیٹل اسلامی بینکنگ کی خدمات کے ذریعے چھوٹے کاروباروں کے لیے ملک کا نمبر ون بینک بنے۔
Post a Comment